Untitled
اک قیامت مری حیات بنی
گرمئی بزم کائنات بنی
آشناۓ سکوں تھی لا علمی
آگہی فکر شش جہات بنی
موت نے جب فنا کی دی تعلیم
وہ گھڑی مژدہ حیات بنی
موسم برشگال خوب آیا
اک دلہن ساری کائنات بنی
دامن ضبط میں سکوں پایا
شور و شیوں سے جب نہ بات بنی
پھر وہی رات صبح بنتی ہے
جو سحر شام ہو کے رات بنی
جبر کا سب طلسم ٹوٹ گیا
جب ارادوں کی کائنات بنی
کس زمیں میں غزل کہی ہے ضیاء
کہ بناے سے بھی نہ بات بنی
Reviews
No reviews yet.