Untitled
کلی سے یوں کہا باد سحر نے
تجھے پالا ہے آغوش قمر نے
ستارے رات بھر گاتے رہے ہیں
تجھے گیتوں سے بہلاتے رہے ہیں
گھٹا تیرے لئے پیمانہ بر کف
تو خود اک ساقی میخانہ بر کف
بہاریں جس پہ نازاں ہیں وہ تو ہے
گلستاں جس سے خنداں ہیں وہ تو ہے
کلی نے جب سنی تعریف اپنی
تو وہ باد سحر گاہی سے بولی
ہے بالکل ٹھیک جو تو کہہ رہی ہے
لبوں سے تیرے گنگا بہ رہی ہے
چمن کی زندگی ہوں، جان ہوں میں
چمن والوں کا دین ایمان ہوں میں
کلی یہ کہتے کہتے ہو گئی چپ
نسیم صبح نے بھی سادھ لی چپ
Reviews
No reviews yet.